گال (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ گال میں سری لنکا کیخلاف ہم نے اہم فتح حاصل کی، اندازہ تھا کہ چھوٹے ہدف کو بچانے کیلئے سری لنکا جارح بولنگ کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی جانب سے یوٹیوب پر جاری انٹرویو میں امام الحق نے کہا کہ یہی کوشش تھی کہ کاؤنٹر اٹیک کروں تاکہ حریف پر پریشر رہے، گال کی وکٹ پر چوتھی اننگز میں بیٹنگ آسان نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت بھی رہا تھا، سعود شکیل اور آغا سلمان نے پہلی اننگز میں پاکستان کو اہم بنیاد دی، وہ دونوں پاکستان کو میچ میں واپس لائے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ جب آپ کو سیریز میں برتری ہوتی ہے تو اعتماد ملتا ہے، ہم سب کو اندازہ ہے کہ ابھی اصل ہدف سیریز کو جیتنا ہے، گال ٹیسٹ کی جیت کا فائدہ اس وقت ہی ہوگا جب کولمبو میں وہی کارکردگی دہرائیں۔
پاکستانی بیٹر نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے کہ پہلے میچ میں جو غلطیاں ہوئیں وہ نہ دہرائیں، جب پلیئرز کو حوصلہ دیا جاتا ہے تو پلیئر پورے اعتماد سے کھیلتا ہے، ہم نے یہی تیاری کی تھی کہ ڈاٹ بالز نہ کھیلیں تاکہ اسکور اچھا رہے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا آنے سے پہلے 20 سے 25 دن بھرپور تیاری کی تھی، پچھلے ڈیڑھ سال سے ہماری فیلڈنگ بھی کافی بہتر ہوئی ہے، بابر اعظم نے سب کو یہی کہا ہے کہ خود کو کھیل کے ہر شعبے میں بہتر کرنا ہے، امید ہے کولمبو میں گال سے بہتر وکٹ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کولمبو میں گرمی زیادہ ہوگی اس لیے فٹنس کا کردار اہم ہوگا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہاں ہمیں 20 وکٹیں لینا ہوں گی، پوری امید ہے کہ یہاں سے ہم سیریز کو 0-2 کر کے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 131 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 50 اور آغا سلمان 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ آج سے کولمبو میں شروع ہوگا۔