کراچی(ویب ڈیسک): پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک بحران کا شکار ہے، سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے۔سابق صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد کروائے گا ۔
مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کروانے کا پابند ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران پر ہمیں پورا اعتماد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، جس کے لیے ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے ۔ ملک ہے تو ہم سب ہیں ۔