برازیل (ویب ڈیسک): آپ نے اپنی زندگی میں محبت کی کئی داستانیں سنی ہوں گی لیکن کیا کبھی اس نوعیت کی کہانی سنی ہے کہ کسی خاتون کو اُسے مالی طور پر لوٹنے والے یعنی ڈاکو سے ہی محبت ہوجائے اور وہ اسے ڈیٹ کرنا شروع کردے؟ ایسا واقعہ برازیل میں پیش آیا ہے جس میں ناصرف خاتون بلکہ ڈاکو بھی لڑکی کی خوبصورتی کا دیوانہ ہوا ۔ایمانویلا نامی خاتون نے مقامی میڈیا کو انٹرویو کے دوران دو سال قبل اپنے ساتھ پیش آئے واقعے سے متعلق بتایا۔
خاتون نے کہا ‘ایک دن میں ایک گلی سے گزر رہی تھی کہ ایک شخص نے میرا فون چھینا، واردات کے بعد میں گھر لوٹ آئی لیکن بعدازاں میرے فون پر جب اس شخص نے میری تصویر دیکھی تو اس نے فون سے میرا ہی نمبر نکالا جو میں نے اپنے نام سے محفوظ کیا ہوا تھا اور اس پر میری تصویر بھی تھی‘۔
خاتون نے بتایا کہ ’جب میں نے اسی نمبر کی سِم نکلوائی تب مجھے فون کال موصول ہوئی، اس شخص نے بتایا کہ میں وہی ہوں جس نے آپ کا فون چھینا تھا، ہماری گفتگو شروع ہوئی اور میں اس کی محبت میں گرفتار ہوگئی‘۔
دوسری جانب لڑکے کا کہنا تھا کہ ’میں نے جب فون پر تصویر دیکھی تو میں ایمانویلا کی خوبصورتی کا دیوانہ ہوگیا،اسی لیے میں نے سوچا کیوں نہ اس لڑکی سے بات چیت کی جائے کیونکہ میری زندگی میں کوئی دوسری لڑکی نہیں تھی‘۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ایمانویلا نے انکشاف کیا کہ اب وہ دو سال سے ڈیٹنگ کررہے ہیں اور جلد شادی کرلیں گے۔