کراچی (ویب ڈیسک): عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد آج ملک کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔نمائندہ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا جس میں مسلم لیگ (ن)، پی پی اور پی ٹی آئی کے نمائندوں سے ملاقات ہوگی۔ نمائندہ آئی ایم ایف کا کہنا ہےکہ ان ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کے لیے ان کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔
نمائندہ آئی ایم ایف کے مطابق آئندہ دنوں میں پاکستان کے ساتھ نئے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں غور کیا جائےگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم آج سہ پہر زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرے گی، پی ٹی آئی کی اقتصادی ٹیم کو آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر حمایت لینے کے لیے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ اور اس کے وسیع مقاصد کے لیے پارٹی کی حمایت کے لیے رابطہ کیا، پی ٹی آئی اقتصادی ٹیم اور آئی ایم ایف ٹیم بات چیت کے لیے ذاتی اور عملی طور پر شامل ہوں گی ۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔
آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 2.6 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو یہ رقم قسطوں میں موصول ہوسکتی ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصولی طور پر معاملات طے پاگئے ہیں۔