ممبئی (شوبز ڈیسک): پولیس نے بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رُخ خان کے گھر ’منت‘ کے باہر کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رُخ خان کے گھر کے باہر چند افراد نے اداکار کے آن لائن گیمنگ ایڈز کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی جس پر ممبئی پولیس حرکت میں آگئی۔
مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ شاہ رُخ خان نے آن لائن گیمنگ اور جوا کھیلنے والی سائٹس کا اشتہار کر کے اسے پروموٹ کیا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے جبکہ یہ جرم ہے اور جوا کھیلنے پر نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا جاتا ہے۔
مظاہرین کے مطابق یہ سائٹس اور ایپس نوجوانوں کو گمراہ کرتی ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی زور دیا کہ مشہور شخصیات کو ایسے اشتہارات نہیں کرنے چاہیں جو نوجوانوں کی گمراہی کا باعث بنیں۔
تاہم ممبئی پولیس نے احتجاج کرنے والے افراد کو حراست میں لے کر شاہ رُخ خان کے گھر کے باہر سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اجے دیوگن، اکشے کمار اور راکل پریت کو بھی اس طرح کے گمراہ گن اشتہارات کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔