جنیوا (ویب ڈیسک): یوگا کے عالمی دن پر دنیا میں دو عالمی ریکارڈز قائم کردیے گئے، جس میں سے ایک ریکارڈ امریکا جب کہ دوسرا بھارت میں قائم کیا گیا۔خبر رساں ادارے (’اے ایف پی‘)کے مطابق اقوام متحدہ (یو این) کے ہیڈکوارٹرز پر 21 جون کو یوگا کا عالمی ریکارڈ بنایا گیا، جس میں دنیا کے 135 ممالک یا اقوام کے افراد نے شرکت کی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز پر یوگا کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی اور ان کے یوگا ایونٹ میں شرکت کے موقع پر قائم کیا گیا۔نریندر مودی ایک روز قبل امریکی دورے پر روانہ ہوئے تھے، انہوں نے 21 جون کو یوگا کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں بھارتی سفارت خانے کی جانب سے منعقد یوگا ایونٹ میں شرکت کی، جس میں دنیا کے 135 ممالک یا ریاستوں کے افراد نے شرکت کی۔
#WATCH | Guinness world record for most nationalities in a Yoga session created at the Yoga Day event led by PM Narendra Modi, at the UN HQ in New York. pic.twitter.com/VpTrQob2Mj
— ANI (@ANI) June 21, 2023
دنیا میں پہلی بار ایسا ہوا کہ یوگا کے ایونٹ میں 135 اقوام کے افراد نے شرکت کی اور اسی بنیاد پر ایونٹ کو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے عالمی ریکارڈ قرار دیا اور اس کا سرٹیفکیٹ بھی نریندر مودی کی موجودگی میں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔
#WATCH | Guinness world record for most nationalities in a Yoga session created at the Yoga Day event led by PM Narendra Modi, at the UN headquarters in New York. #InternationalDayofYoga2023 pic.twitter.com/1uClPB1led
— ANI (@ANI) June 21, 2023
نریندر مودی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز پر یوگا کے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی تصدیق کی اور ساتھ ہی سرٹیفکیٹ وصول کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
دوسری طرف یوگا کے عالمی ہی دن پر بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا، وہاں یوگا کے ایک ایونٹ میں ایک لاکھ 35 ہزار افراد نے شرکت کی۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق سورت شہر میں قائم کیے گئے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے قبل یوگا کا عالمی ریکارڈ راجستھان کے ایک شہر کے پاس تھا، جس میں ایک لاکھ 9 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال 21 جون کو اقوام متحدہ کے تحت یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
یوگا، سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب قابو پانا اور متحد کرنا ہے، بدھ مت اور ہندو مذہب میں یوگا جسم اور سانس کی ورزشوں اور مراقبے کا مرکب ہے۔
اس عمل کو اپنے نفس پر قابو پانے اور صحت مند رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تحقیق کے مطابق یوگا جسمانی اور نفسیاتی ورزش کا طریقہ ہے جو انسانی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔