لکھنئو (اسپورٹس ڈیسک): آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 14 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 5 وکٹ سے ہرادیا، مسلسل دو شکستوں کے بعد یہ ایونٹ میں کینگروز کی پہلی فتح ہے۔بھارتی شہر لکھنؤ کے اکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہتر ثابت نہ ہوا اور سری لنکن ٹیم 43.3 اوور میں 209 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔نسانکا اور کوشل پریرا کی اوپننگ جوڑی نے سری لنکا کو 125 رن کا عمدہ آغاز فراہم کیا، نسانکا نے 61 رن 8 چوکوں اور کوشل پریرا نے 78 رن بارہ چوکوں کی مدد سے بنائے۔
ان دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن بکھرگئی ، چریتھ اسالنکا نے 25 رن بنا کر کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی آؤٹ ہوگئے اور پوری ٹیم 44ویں اوور میں 209 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے 47 رن کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگ میں آسٹریلیا بھی ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوگئی اور صرف 24 کے مجموعی اسکور پر وارنر 11 اور اسٹیو اسمتھ صفر پر پویلین پہنچ گئے۔
دونوں کو مدھو شنکا نے آؤٹ کیا، تیسری وکٹ پر مچل مارش اور لیبوشین نے 57 رن جوڑ کر ٹیم کی حالت بہتر کی، مچل مارش 52 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیبوشین اور جوش انگلس کے درمیان ایک اور اچھی شراکت ہوئی جس میں دونوں نے 77 رن کا اضافہ کرکے ٹیم کو وننگ ٹریک پر ڈال دیا۔
لیبوشین 40 رن کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے، میکس ویل نے 31 اور اسٹوئنس نے 20 رن کی اننگ کھیل کر بقیہ رن حاصل کرلیے اور آسٹریلیا کو مسلسل دو شکستوں کے بعد ایونٹ میں پہلی کامیابی دلادی۔
آسٹریلیا نے ہدف 36 ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا، ایڈم زمپا پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ٹورنامنٹ میں سری لنکا اور آسٹریلیا دونوں کا یہ تیسرا میچ تھا، دونوں ٹیموں کو اپنے ابتدائی دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔