میلان- اٹلی (اسپورٹس ڈیسک): ورلڈ فینسنگ (شمشیر زنی) چیمپئن شپس میں خواتین کے مقابلوں میں روسی حریف سے ہاتھ ملانے سے انکار پر یوکرینی کھلاڑی کو ٹورنامنٹ سے ڈِس کوالیفائی ( نا اہل) کر دیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جمعرات کو یوکرین سے تعلق رکھنے والی ورلڈ چیمپئن اور اولمپک میڈلسٹ فینسر اولا خرلان (Olga Kharlan) کو ورلڈ فینسنگ چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں روسی حریف اینا سمرنووا (Anna Smirnova) کو شکست دینے کے بعد ان سے ہاتھ ملانے سے انکار کرنے پر ڈِس کوالیفائی کردیا گیا۔
اولا خرلان نے جمعرات کو اٹلی کے شہر میلان میں ہونے والی چیمپئن شپ کی باؤٹ میں روسی کھلاڑی کو 15-7 سے شکست دی۔
میچ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کی روایت ہوتی ہے کہ وہ اپنے حریف سے ہاتھ ملاتے ہیں لیکن جب روسی کھلاڑی نے مصافحہ کرنے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا تو یوکرین کی اولا خرلان نے روسی حریف سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ یوکرینی کھلاڑی اولا نے گزشتہ سال اپنے ملک پر روس کے حملے کے بعد پہلی بار کسی روسی کھلاڑی کا مقابلہ کیا۔
تاہم ہاتھ ملانے سے انکار پر روسی کھلاڑی کی جانب سے اپیل کی گئی اور پھر انہوں نے 45 منٹ تک احتجاج کیا۔
روس کے بجائے نیوٹرل جھنڈے کے ساتھ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی روسی کھلاڑی اینا سمرنووا مقابلے کے بعد کھڑی رہیں جب تک انہیں کرسی نہیں دی گئی، انہوں نے اپیل کرتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھا۔
تاہم کچھ دیر بعد ورلڈ چیمپئن اور چار مرتبہ اولمپک میڈلسٹ یوکرینی کھلاڑی اولا خرلان کو ‘بلیک کارڈ’ دیتے ہوئے چیمپین شپ میں خواتین کے انفرادی مقابلوں سے ڈس کوالیفائی کردیا گیا۔
فینسنگ کے مقابلوں میں کھلاڑیوں کا ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا کھیل کے اصولوں کا حصہ ہے اور ایسا کرنے سے انکار کا نتیجہ بلیک کارڈ یا ملک سے نکال دیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد جس ٹورنامنٹ میں روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو نیوٹرل ایتھلیٹس کے طور پر شرکت کی اجازت دی گئی وہاں یوکرینی فینسرز نے ان کے ساتھ مقابلہ نہیں کیا۔
تاہم یوکرین کی حکومت نے بدھ کے روز اپنے کھلاڑیوں کو روسی اور بیلاروسی پلیئرز جنہیں ٹورنامنٹ میں نیوٹرل جھنڈے کے ساتھ شرکت کی اجازت دی گئی ہے کے خلاف مقابلہ کرنے کی اجازت دی تھی۔
یہ پہلی بار نہیں کہ یوکرینی کھلاڑیوں نے روسی یا بیلاروسی حریفوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا ہو۔اس سے قبل گزشتہ سال یوکرین کی ٹینس اسٹار مارتا کوسٹیوک نے یو ایس اوپن کے میچ میں بیلا روس سے تعلق رکھنے والی حریف کھلاڑی وکٹوریہ آزارینکا سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ 24 فروری 2022 کو روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا۔