ممبئی (شوبز ڈیسک): کینیڈین شہریت پر بھارتی مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنے والے بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے بھارت کے 77ویں یوم آزادی پر بھارتی شہریت حاصل کرلی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل اکشے کمار کینیڈین پاسپورٹ رکھتے تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
15 اگست 2023 کو اکشے کمار نے بھارت کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر بھارتی شہریت کے کاغذات کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیں
Dil aur citizenship, dono Hindustani.
Happy Independence Day!
Jai Hind! 🇮🇳 pic.twitter.com/DLH0DtbGxk
— Akshay Kumar (@akshaykumar) August 15, 2023
انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’دل اور شہریت دونوں ہندوستانی، یوم آزادی مبارک‘۔
قبل ازیں اکشے کمار نے کہا تھا کہ جب لوگ ان سے اپنے ’ملک سے محبت‘ پر سوال پوچھتے ہیں تو انہیں مایوسی ہوتی ہے۔
2019 میں اکشے کمار نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے کینیڈین شہریت چھوڑ دی ہے اور دوبارہ بھارتی شہریت کے لیے اپلائی کررہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ کے سیشن کے دوران اکشے کمار نے کینیڈین پاسپورٹ حاصل کرنے کی وجہ بتائی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’90 کی دہائی میں ایک وقت تھا جب میری مسلسل 14 فلمیں فلاپ ہوگئی تھیں اور میں مایوس ہوگیا تھا‘۔
اداکار نے کہا کہ ’میرا قریبی دوست کینیڈا میں مقیم تھا، اس نے مجھے کینیڈا آنے کا مشورہ دیا جس کے بعد میں نے کینیڈا جانے کے لیے درخواست دی کیونکہ مجھے لگا کہ میرا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈین پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد میں پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، میں نے اداکاری جاری رکھی لیکن کبھی کینیڈین پاسپورٹ تبدیل کرنے کا نہیں سوچا۔’
’کینیڈا جانے کے بعد میری بھارت میں دو فلمیں ریلیز ہوئی جو خوش قسمتی سے بہت ہٹ ثابت ہوئیں جس کے بعد دوست نے مجھے دوبارہ مشورہ دیا کہ میں واپس بھارت جاکر اپنے کریئر کے لیے مزید محنت کروں جس کے بعد پھر میں واپس آگیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کینیڈین پاسپورٹ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں کسی ہندوستانی سے کم ہوں، کینیڈین پاسپورٹ ملنے کے بعد میں گزشتہ 9 سال سے بھارت میں ہوں۔‘
بولی وڈ اداکار نے مزید کہا کہ ’میں بھول ہی گیا تھا کہ مجھے پاسپورٹ تبدیل کرنا چاہیے لیکن مداحوں کی جانب سے جب ’ملک سے محبت‘ پر سوال اٹھائے جاتے ہیں تو مایوسی ہوتی ہے۔‘
اکشے کمار نے 2019 میں کینیڈین شہریت چھوڑ کر بھارت شہریت کے لیے درخواست دی تھی تاہم کووڈ 19 کے باعث درخواست کی منظوری تاخیر کا سبب بن گئی تھی۔
اکشے کمار کو کینیڈین شہریت رکھنے پر بھارتی مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، ایک صارف نے لکھا کہ اکشے کمار نے اپنی شہریت بھارتی سے کینیڈین تبدیل صرف اس لیے کی کیونکہ انہوں نے 14 فلاپ فلمیں کی تھیں، اور اب وہ ہمیں سکھائیں گے کہ حب الوطنی کیسے کی جاتی ہے۔