راولپنڈی (شوبز ڈیسک): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے وطن عزیز کے77واں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی ملی نغمے جاری کیے گئے ہیں۔ملک بھر میں 14 اگست کے روز 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس حوالے سے آج چھوٹی بڑی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے یوٹیوب پر 2 مختلف ملی نغمے شئیر کیے گئے جسے دو مختلف گلوکاروں کی اپنی آواز میں گنگنایا ہے۔
گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے ’جان کی قیمت‘ کی عنوان سے نغمہ جاری کیا گیا جسے گلوکار عاطف اسلم نے اپنی آواز میں گنگنایا ہے۔
یہ نغمہ ان شہیدوں کے نام کیا گیا ہے جنہوں نے دفاع وطن کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی پیش کیں۔
اس نغمے میں ملک کی آزادی اور خوشحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں، سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ملے نغمے کی ڈسکرپشن باکس میں آئی ایس پی آر کی جانب سے لکھا گیا کہ اس نغمے کے ذریعے ہم ان پہادر شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں، ’آئیے مل کر ان کی یاد کو زندہ رکھیں اور ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان بنانے کا عہد کریں۔‘
اس میں مزید بتایا گیا کہ 14 اگست غیر متزلزل عزم، جذبہ حب الوطنی، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور عظیم قربانی کی وہ روشن علامت ہے جس کو یاد رکھتے ہوئے ہماری آنے والی نسلیں دفاع وطن کو اپنی جان سے زیادہ مقدم رکھنے کے عزم کو جلا بخشتی رہیں گی۔
’جان کی قیمت‘ کے عنوان سے جاری ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح ایک بہادر فوجی دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کردیتا ہے، شہید نوجوان کے والدین، اہلیہ اور بیٹے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر ایک اور ویڈیو جاری کی گئی۔
’تو جان وطن‘ کے عنوان سے جاری نغمہ گلوکار کامران اللہ خان نے اپنی آواز میں گنگنایا ہے۔
اس نغمے میں پاکستان قوم کی اپنے وطن کے ساتھ گہری محبت اور تعلق پر زور دیا گیا ہے کہ چاہے کیسے بھی حالات ہوں قوم ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس نغمے میں قوم کے اتحاد، جذبہ حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اس کے علاوہ ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے وطن کی آزادی اور بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب جاری ویڈیو میں پیغام دیا گیا کہ ’آئیے ایک ساتھ بحیثیت قوم مضبوط کھڑے ہوں، اپنے وطن کے لیے متحد ہوں، ہم آہنگ مستقبل کی تعمیر کے لیے ایک ساتھ کام کریں۔‘
آئی ایس پی آر اس سے قبل بھی پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف مواقع پر گانے جاری کرتا آیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گرد حملے کے بعد بھی شہید بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی گانا جاری کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے سانحہ پشاور کے حوالے سے 2 گانے جاری کیے گئے تھے، جو عوام میں بہت مقبول ہوئے تھے۔