کراچی (اسپورٹس ڈیسک): ترکیہ اور شام میں رواں ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ایسے میں فیفا ورلڈکپ کی فاتح ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالرلیونل میسی نے بھی زلزلہ زدگان کیلیے خطیر امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔ترکی اور شام میں پیر کو آنے والے زلزلے میں اب تک 22 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی نے فوری طور پر 35لاکھ یورو مالیت کی امداد ترکی اور شام بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق لیونل میسی نے اپنی رفاہی تنظیم کو فوری طور پر امدادی سامان زلزلہ زدگان تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مطابق پیر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ترکیہ اور شام میں اب تک 22 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔
ترکیہ میں اب تک 18ہزار991افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 74ہزار 242 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ باغیوں کے زیرانتظام شمال مغربی شامی علاقوں میں اب تک 2ہزار37افرادجاں بحق اور 2ہزار 950افراد زخمی ہیں جبکہ شامی حکومت کے زیرانتظام علاقوں میں 1347اموات اور 2ہزار 295افراد زخمی ہوئے ہیں۔