پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے 59 فیصد شہری صوبے میں بیروزگاری میں اضافے پر پریشان ہیں اور پی ٹی آئی کے 43 فیصد ووٹرز صوبے میں ترقیاتی پروگرام شروع نہ کرنے پرصوبائی حکومت سے ناراض ہیں۔ گیلپ پاکستان نے خیبرپختونخوا سے عوامی رائے پر مبنی نیا سروے جاری کردیا جس کے مطابق 67 فیصد شہریوں نے بیروزگاری میں کمی کےلیے اقدامات نہ کرنے پرصوبائی حکومت سے شدید ناراضی کا اظہار کیااور 59 فیصد شہری صوبے میں بیروزگاری میں اضافے پر پریشان نظر آئے۔
سرو ےمیں 63 فیصد نے خیبرپختونخوا میں کاروبار شروع کرنےکو مشکل قراردیا اور 59 فصد نے پنجاب سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مقابلے میں پنجاب میں کاروبار کرنا آسان ہے۔
سروے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کےلیے صوبائی حکومت کے پروگرا م سے 54 فیصد شہری لاعلم نظرآئے البتہ 27 فیصد نے صوبائی حکومت کے پروگرامز سے مطمئن ہونے کا کہا ۔
55 فیصد شہری صوبے میں ترقیاتی پروگرام شروع نہ کرنے پر بھی صوبائی حکومت سے ناراض نظرآئے۔
ناراض ووٹرز کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے سڑکوں کی بہتری سمیت کوئی پروگرام شروع نہیں کیا اور ناراضی کا اظہارکرنے والوں میں پی ٹی آئی کے 43فیصد ووٹرز بھی شامل دکھائی دیے۔