ملتان (ویب ڈیسک): آج ملتان سے جیل بھرو تحریک کیلئے گرفتاریاں دینے کا دن تھا لیکن گزشتہ روز پشاور کی طرح ملتان میں بھی رہنما و کارکن جمع ہوئے تاہم گرفتاریاں دیے بغیر روانہ ہوگئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے چوتھے روز ملتان میں جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کا اعلان کیا گیا تھا.ملتان میں گرفتاریوں کیلئے نواں شہر چوک پہنچنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور رہنما بھی گرفتاریاں دیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔
رہنماؤں نے نواں شہر چوک پر احتجاج کیا،کارکنوں سے خطاب کیا، خطاب کے بعد پی ٹی آئی کے سٹی صدر ملک عدنان ڈوگر نے کارکنوں کو گھر جانے کا کہہ دیا۔
جہاں کارکنان نواں شہر چوک پر جمع ہوئے۔ اس موقع پر رہنما بھی موجود تھے۔پولیس نے رضاکارانہ گرفتاری کی تحریک کے پیش نظر نواں شہر چوک پر قیدیوں کی تین گاڑیاں پہنچائیں تاہم کارکنان اور چند رہنما اس میں بیٹھ کر واپس باہر آگئے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عامر ڈوگر نے جیل بھرو تحریک بغیر کسی گرفتاری کے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی اور صوبائی اسمبلی کے سابق اراکین، رہنما اور کارکنان گرفتاریوں کے منتظر تھے مگر پولیس نہیں آئی‘۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک کلومیٹردورگاڑیاں کھڑی کردی تھی جبکہ ہم نے نواں شہر چوک پر جمع ہونے کا اعلان کیا تھا۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کال پر کسی بھی وقت گرفتاری دینے کیلیے تیار ہیں، کل یا پرسوں جیسے ہی عمران خان نے اگرکال دی تودوبارہ گرفتاریاں دینے کیلئے آئیں گے۔