ممبئی (شوبز ڈیسک) بولی ووڈ اداکار اکشے کمار نے اپنی مسلسل فلاپ فلموں کا ذمہ دار خود کو ہی قرار دے دیا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک انٹرویو میں اکشے کمار سے فلاپ فلموں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا ایسا پہلی بار نہیں ہو رہا، کیریئر میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کی لگاتار 16 فلمیں فلاپ ہوئیں، اس کے بعد ایک بار پھر ان کی لگاتار 8 فلمیں فلاپ ہوئیں اور اب میری مسلسل 3 فلمیں فلاپ ہوئی ہیں، اس میں قصور کسی کا نہیں، صرف میرا ہے۔
کھلاڑی کہے جانے والے اداکار اکشے کمار کا کہنا تھا کہ فلمیں فلاپ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ناظرین کی پسند بدل رہی ہے، لوگ اب فلموں میں کچھ اور دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب آپ کی فلمیں مسلسل فلاپ ہوتی ہیں تو یہ آپ کے لیے تبدیلی کا الارم ہوتا ہے، میں تبدیلی لانے کی کوشش کررہا ہوں اور میں یہی کرسکتا ہوں۔
اداکار نے بتایا کہ مسلسل فلمیں فلاپ ہونا 100فیصد میری ذمہ داری ہے، ہمیں اس کے لیے ناظرین یا کسی اور کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے۔
اکشے کمار کی آخری ہٹ فلم ’سوریاونشی‘ 2021 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں کترینہ کیف، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ نے بھی اداکاری کی تھی، اس فلم نے تقریباً 195 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، لیکن اس کے بعد سے اکشے کمار کی کوئی بھی فلم ہٹ نہیں ہوسکی۔
اداکار کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سیلفی‘ بھی باکس آفس میں کمائی نہ کرسکی، یہ فلم ان کی مسلسل پانچویں فلاپ فلم ہے۔