روم (ویب ڈیسک): اٹلی کے جنوبی ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی چٹان سے ٹکرانے کے باعث ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد 59 ہوگئی جن میں 12 بچے بھی شامل ہیں۔
گزشتہ روز اٹلی کے جنوبی ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی چٹان سے ٹکرانےکا واقعہ پیش آیا جس میں اب تک 59 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 28 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
حکام کا بتانا ہےکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 12 بچے بھی شامل ہیں تاہم حادثے میں 81 افراد کو بچالیا گیا ہے جس میں سے 20 اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حکام کے مطابق کشتی میں 200 کے قریب تارکین وطن سوار تھے جن میں سے 30 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق ترکیہ سے روانہ ہونے والی کشتی میں پاکستان، افغانستان، ایران سمیت دیگر ملکوں کے شہری سوار تھے۔