اسلام آباد (ویب ڈیسک): قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس واپس کردیا۔دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیب کو بھیجےگئے ریفرنس پر بیورو نےکوئی ایکشن نہیں لیا اور شکایت واپس کردی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ چند ہفتے قبل نیب کے راولپنڈی آفس کو ایک فائل موصول ہوئی جس میں فیض حمید کے انکم ٹیکس کا ریکارڈ اور دو صفحات پرمشتمل ایک شکایت نامہ موجود تھا، شکایت نامے پر چکوال سے تعلق رکھنے والے چند نامعلوم افراد کے دستخط تھے، شکایت نامے میں درخواست کی گئی تھی کہ فیض حمید کے خلاف انکوائری کی جائے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب نے فائل کا جائزہ لینے اور حکام سے مشاورت کے بعد شکایت واپس کردی کہ متعلقہ حکام کے توسط سے بیورو کو باضابطہ درخواست کی جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ نئے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ کی تعیناتی کے بعد توقع ہےکہ معاملہ نیب کو واپس بھیجا جائےگا۔