وزیرستان (ویب ڈیسک): سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے 10 مارچ کو خیبرپختونخوا کے دو اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود کی بڑی مقدار برآمد کرلی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ملک کے ہر کونے سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 8 مارچ کو شمالی وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 8 مارچ کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اس کارروائی کے بعد علاقے سے دہشت گردوں کی صفائی کے لیے کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
مزید کہا گیا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایس پی آر نے 8 مارچ کو بیان میں کہا تھا کہ دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فوسز اور شہریوں پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 4 مارچ کو بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کارروائی کی گئی اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔