اسلام آباد (ویب ڈیسک): پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والے 4 رکنی بینچ میں شامل جسٹس جمال مندوخیل نےکیس سننے سے معذرت کرلی ہے۔جسٹس جمال مندوخیل کی معذرت کے بعد بینچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا ہے، گزشتہ روز بھی 5 رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین بینچ سے علیحدہ ہوگئے تھے جس کے بعد آج باقی ججز پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی۔
آج چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ سماعت کے لیےکمرہ عدالت پہنچا، بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل شامل تھے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس نےکہا کہ اٹارنی جنرل صاحب، آپ سے پہلے جسٹس جمال مندوخیل کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ بینچ کے رکن جسٹس امین الدین کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
جسٹس امین الدین نے اپنے ریمارکس میں کیس کا حصہ بننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں۔
جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔
جسٹس امین کی معذرت کے بعد عدالت کا پانچ رکنی بینچ غیر فعال ہوگیا اور گزشتہ روز کیس کی سماعت نہ ہوسکی۔