لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب میں انتخابی امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر کارکنوں کا احتجاج، چیئرمین عمران خان کےگھر کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 141 کے کارکنوں نے زمان پارک میں عمران خان کے گھر کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق انہیں سنا جائے۔
زمان پارک میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گاڑی کو روک کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ ہم 2009 سے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، ٹکٹ ہمارا حق ہے۔
فواد چوہدری نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کی آواز آگے پہنچنائیں گے جس کے بعد کارکنان نے ان کی گاڑی کو جانے دیا۔
بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے پی ٹی آئی رہنما رائے قمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے فواد چوہدری کو بتایا کہ حلقے کے عوام کی بات سنی جائے، حلقے کے عوام میرے ساتھ ہیں اور وہ امپورٹڈ امیدوار کو قبول نہیں کریں گے۔