اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے پچیس برس مکمل ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ افواج اور عوام کو ٹکرا دے، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔ یومِ تکبیر پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پروا نہیں کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی پیش کش انہیں آہنی عزم و ارادے سے ہٹاسکی۔
وزیر اعظم نےکہا کہ ہمیں پاکستان کو اب معاشی قوت بنانا ہے، معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہےکہ افواج اور عوام کو ٹکرا دے، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔
دوسری جانب یوم تکبیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی منارہی ہے، پاکستان کی اس کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دی۔
اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بہترین دماغوں نے مشکل چیلنجز کے باوجود کارنامہ سرانجام دیا، مسلح فوج ان افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سائنس دانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کرتی ہے، یہ وطن ہمیشہ قائم رہےگا، پاکستان زندہ باد۔