کراچی (ویب ڈیسک): شہر قائد کے میئر کے لیے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے 173 ووٹ لیے جب کہ جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کو 161 ووٹ ملے ہیں۔ واضح رہے کہ ووٹنگ کے عمل میں پی ٹی آئی کے 33 ارکان غیر حاضر رہے۔
آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا، جہاں ووٹنگ کے لیے اراکین کی آمد صبح 9 بجے سے جاری تھی اور مختلف اوقات میں 300 سے زائد ارکان کے پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بعد آڈیٹوریم کے دروازے بند کردیے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 33 ارکان غیر حاضر ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جو نعرے بازی کرتی رہی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے شو آف ہینڈز کرایا گیا، جس کے بعد انہیں ووٹ دینے والوں کی گنتی اور اندراج کیا گیا۔ بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو 173 اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کو 161 ووٹ ملے۔
ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں، جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ووٹنگ کے لیے اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
دریں اثنا میئر کراچی کا انتخابی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی میئر کے لیے پولنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ پولنگ کا عمل نجی میڈیا کور نہیں کرسکے گا البتہ ابتدائی کارروائی سرکاری ٹی وی کے ذریعے نشر کی جائے گی، تاہم شو آف ہینڈز کو سرکاری ٹیلی ویژن بھی نہیں دکھائے گا۔