کراچی (ویب ڈیسک): عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے طے پا جانے کی امید پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج مثبت رجحان ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز سے ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1015 پوائنٹس اضافے سے 41,080 پر پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 40 ہزار 65 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں معاشی تجزیہ نگار عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ حصص بازار آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پاجانےکی امید پر مثبت ہے، معاہدہ ہونے سے معیشت پر توجہ دینےکا وقت میسر آئےگا۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان حتمی ڈیل کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقاتوں اور رابطوں سے یہ پیشرفت ممکن ہوئی ہے، وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں رابطوں اور ملاقاتوں سے بریک تھرو ہوا ہے۔