کراچی (ٹیک ڈیسک): میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ بزنس کو ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ 2020 میں واٹس ایپ بزنس کو استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 5 کروڑ تھی۔واٹس ایپ بزنس بنیادی طور پر چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے ڈیزائن کی گئی میسجنگ ایپ ہے اور اس کا مقصد واٹس ایپ کے ذریعے میٹا کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔میٹا کی جانب سے واٹس ایپ بزنس کے لیے چند نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ اب واٹس ایپ بزنس کے صارفین فیس بک اکاؤنٹ کے بغیر کلک ٹو واٹس ایپ اشتہارات تیار کر سکیں گے۔
یہ صارفین ایپ کے اندر ہی فیس بک اور انسٹاگرام کے لیے اشتہارات کو تیار، فروخت اور پوسٹ کر سکیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ بزنس صارفین کے لیے پرسنلائزڈ میسج سروس فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر سے واٹس ایپ بزنس استعمال کرنے والے اپنے صارفین کو پرسنلائزڈ میسجز بھیج سکیں گے۔
البتہ یہ فیچر مفت نہیں ہوگا بلکہ اس کی فیس ہوگی مگر کمپنی نے فی الحال تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران میٹا کی جانب سے پیڈ میسجنگ کے ذریعے آمدنی کے حصول کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس مقصد کے لیے واٹس ایپ بزنس میں مختلف میسجنگ کیٹیگریز کا اعلان کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران کلک ٹو میسج اشتہارات کے ذریعے کمپنی کو 10 ارب ڈالرز کی آمدنی ہوئی۔