کراچی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے نانگا پربت سر کرلیا وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی پاکستانی بن گئیں۔ ثمینہ بیگ اور دیگر پاکستانی کوہ پیماؤں نے بھی آج نانگا پربت سر کیا، پاکستان کی نائلہ کیانی نے آج صبح دس بجے کر 18 منٹ پر نانگا پربت سر کیا،8126 میٹر بلند نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے۔نائلہ کیا نی آٹھ ہزار میٹر سے بلند 7 چوٹیاں سر کرنے والی بھی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، نائلہ کیانی اس سے قبل گیشربرم ون ، گیشربرم ٹو، ایوریسٹ ، کے ٹو، اناپورنا اور لوٹسے بھی سر کرچکی ہیں ۔
نائلہ کے سمٹ کے کچھ دیر بعد ایک اور پاکستانی خاتون ثمینہ بیگ نے بھی نانگا پربت سر کرلیا ، ثمینہ اس سے قبل ایوریسٹ اور کے ٹو بھی سر کرچکی ہیں۔
ثمینہ کے ساتھ پاکستان کے رضوان داد نے بھی نانگا پربت سر کیا، عید محمد ، وقار علی ، احمد بیگ ،لیاقت کریم اور سعید کریم بغیر مصنوعی آکسیجن کے 11 بج کر 40 منٹ پر نانگا پربت ٹاپ پر پہنچے جبکہ واجد علی نگری نے 11 بج کر 50 منٹ پر نانگا پربت کو سمٹ کیا۔
ان کے علاوہ متعدد غیر ملکی کوہ پیماؤں نے بھی آج نانگا پربت کو سر کیا ہے۔