کراچی(ویب ڈیسک): شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے کیس میں عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) منظور قادر کاکا اور سابق مختار کار کو گرفتار کر لیا گیا۔سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظورقادر اور سابق مختار کار خیر محمد ڈاہری کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواست پر سماعت اسپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ میں ہوئی۔
عدالت نے ملزم سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر کاکا اور سابق مختار کار خیر محمد کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی۔
اینٹی کرپشن کورٹ نے نسلہ ٹاور اراضی کیس میں دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے انہیں حراست میں لینے کا حکم جس کے بعد اینٹی کرپشن نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان پر نسلہ ٹاور کی زمین 700 گز سے بڑھا کر 1100 گز کرنےکا الزام ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کی غیر قانونی تعمیر کا نوٹس لےکر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔