راولپنڈی(ویب ڈیسک): اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں میں 4 سو کلو منشیات برآمد کرلی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق 5 مختلف کارروائیوں کے دوران تقریباً 400 کلو گرام منشیات برآمد کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کوئٹہ میں سونا خان چوک کے قریب ٹرک سے 340 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی، جو ٹرک کے فرش میں بنے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران پشاور اور نوشہرہ کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان منشیات گلستان سے اندرون سندھ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایک دوسری کارروائی کے دوران کوئٹہ ہی کے شاہوانی چوک کے قریب ٹیوٹا سنگل کیبن گاڑی سے 52 کلو گرام چرس برآمد کرکے اوستا محمد کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم منشیات کوئٹہ سے سکھر اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
اُدھر ساہیانوالہ موٹروے انٹرچینج کے قریب سوزوکی سوفٹ کار سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ دوران کارروائی پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں کوریئر آفس میں پارسل سے 15 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔ یہ پارسل برطانیہ سے فیصل آباد کے لیے بُک کیا گیا تھا۔
دوسری جانب مانسہرہ میں کوریئر آفس میں پارسل سے آئس برآمد کرلی گئی۔ 550 گرام آئس غباروں میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔