ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی میگا تھرلر ایکشن فلم ’جوان‘ کا دھماکے دار ٹریلر ریلیز ہوگیا اور اس نے پوری فلم انڈسٹری میں دھوم مچادی ہے۔ بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے بعد مداح بے تابی سے اداکار کی نئی فلم کا انتظار کررہے ہیں اور یہ 7 ستمبر کو پوری دنیا میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔
’جوان‘ کے ٹریلر میں کنگ خان کے مداحوں کیلئے وہ سب کچھ ہے جس کی توقع کی جارہی تھی اور اداکار کے مختلف اوتار مداحوں کو قدم قدم پر حیران کرتے ہیں۔
ایک سین میں اداکار ٹرین کو ہائی جیک کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جس میں ان کا اسٹائل مزاحیہ ہے جو ہمیں ہالی وڈ کے ’جوکر‘ کی یاد دلاتا ہے۔
ٹریلر میں سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون بھی کومیو جھلک میں نظر آتی ہیں اور ذرائع کے مطابق یہ اداکار کی فلیش بیک یادوں والا حصہ ہوگا۔
فلم میں شاہ رخ خان ڈبل کردار ادا کررہے ہیں، ایک ہیرو اور ایک ولن کا جب کہ ایک بڑا ولن وجے سیتھو پتی ہوگا جو کہ اسلحہ کا تاجر ہے۔
سپر اسٹار اداکارہ نیانترا نئی فلم کے ساتھ بالی وڈ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں اور وہ فلم میں مشہور کامیڈین سنیل گروور کے ساتھ ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آتی ہیں۔