ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان اور اور گلوکار ارجیت سنگھ کے درمیان جھگڑا بالآخر ختم ہوگیا ہے اور دونوں اسٹارز کی 9 سال بعد صلح ہوگئی ہے۔جاسوس ایجنٹ سلمان خان نے اپنے مداحوں کو دو بڑی خوشخبریاں دیکر خوش کردیا ہے، پہلی خوشخبری اُنہوں نے اپنی اور ارجیت سنگھ کی صلح کی دی جبکہ دوسری خوشخبری اُنہوں نے اپنی فلم ‘ٹائیگر3′ کے گانے کی پہلی جھلک جاری کرکے دی۔
سلمان خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی فلم ‘ٹائیگر3′ کے گانے کا پوسٹر جاری کیا جس میں اُن کے ہمراہ کترینہ کیف بھی موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ‘پہلے گانے “لے کے پرابھو کا نام” کی پہلی جھلک، یہ میرے لیے ارجیت سنگھ کا پہلا گانا ہے جوکہ 23 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا’۔
سلمان خان نے فلم کی ریلیز کے حوالے سے کہا کہ ‘ٹائیگر 3 اس دیوالی، 12 نومبر کو سینما گھروں میں آ رہی ہے، فلم ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں ریلیز ہوگی’۔
‘ٹائیگر 3′ میں ارجیت سنگھ کے گانا کی خبر سُن کر مداح بےحد خوش ہوگئے ہیں کیونکہ وہ کئی سالوں سے دونوں فنکاروں کی صلح کا انتظار کررہے تھے۔
ارجیت سنگھ اور سلمان خان کا جھگڑا 2014 میں ایک ایوارڈ شو کی تقریب کے دوران ہوا تھا، اس جھگڑے کے بعد سلمان خان نے اپنی فلم ’کک‘، ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’سلطان‘ سے گلوکار کے تمام گانے ہٹا دیے تھے۔
بعدازاں، 2016 میں ارجیت سنگھ نے سلمان خان سے معافی مانگ کر فلم ’سلطان‘ میں اُن کا گانا برقرار رکھنے کی درخواست کی تھی لیکن سلمان خان نے گلوکار کی معافی پر کوئی جواب نہیں دیا تھا۔