کراچی (ویب ڈیسک): آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی جانب سے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پرنٹ میڈیا سے متعلق بیان پر مایوسی اور تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔اے پی این ایس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنٹ میڈیا حکومت سے کوئی گرانٹ یا سبسڈی نہیں مانگ رہا، اخبارات حکومت کے اشتہارات سبسڈائز ریٹ پر شائع کرتے ہیں، سرکاری اشتہارات کے نرخ خاصے کم اور کمرشل ریٹ کے ایک چوتھائی ہیں۔
اے پی این ایس نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصے سے زیرالتوا سرکاری اشتہارات کے نرخ بڑھانے کا اعلان کیا تھا، اُس اعلان پر اب تک عمل نہیں کیا گیا، اگر نگران وزیراعظم سمجھتے ہیں اخبارات کا ماڈل درست نہیں تو سبسڈائز نرخ واپس لے لیتے ہیں۔
آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وفاقی حکومت پر اخبارات کے 2 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
سی پی این ای کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اخبارات و جرائد نے کبھی کسی حکومت یا وزیر اعظم سے مطالبہ نہیں کیا کہ وہ ذاتی وسائل سے میڈیا کو نوازے بلکہ ہر حکومت اور ادارہ اپنی پبلسٹی کے لیے میڈیا کا مرہون منت ہے اور اشتہارات کا پیسہ کسی حکمران کا نہیں بلکہ عوام کے ٹیکس کا ہے جسے اشتہارات کی مد میں منصفانہ طور پر تقسیم ہونا چاہیے۔