مہاراشٹرا (ویب ڈیسک): بھارتی ریاست مہارشٹرا کے ایک گاؤں میں سفاک بیٹے نے وقت پر کھانا نہ دینے پر ماں کو آگ لگا دی۔مہاراشٹرا پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 26 سالہ بیٹے نے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے گریجوایشن کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے لیکن فی الحال بے روز گار ہے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ بیٹا رات کے کھانے کیلئے انتظار کر رہا تھا کہ کھانا میں تاخیر پر وہ غصے سے آگ بگولہ ہوگیا اور اپنی ماں سے لڑنے جھگڑنے لگا، بات اس حد تک آگے بڑھ گئی کہ پہلے بیٹے نے ماں کو لاٹھی سے مارا اور پھر گھسیٹتے ہوئے گھر کے باہر لے گیا جہاں اس نے اپنی ماں کو درانتی سے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر سوکھی گھانس اور لکڑیاں رکھ کر ماں کو آگ لگا دی۔
واقعے کا علم ہوتے ہی پڑوسی موقع پر جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے شدید زخمی خاتون کو اعلاج کیلئے اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ماں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بیٹا جنگل میں جا کر چھپ گیا جس کی تلاش میں پولیس جب جنگل میں پہنچی جہاں وہ پولیس اہلکاروں کو بھی درانتی کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا اور 2 گھنٹے کی محنت کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔