اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
یاد رہے کہ شہری عاطف علی نے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ، جنرل ریٹائرڈ فیض حمید اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
شہری عاطف علی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کو حکم دیا جائے کہ قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایف آئی اے، جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق شہری عاطف علی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔