ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کے سینئر اداکار رشی کپور کی اہلیہ اداکارہ نیتو کپور نے اپنے شوہر سے متعلق ایک نیا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے مقبول شو ‘کافی ود کرن’ سیزن 8 کے شو میں اداکارہ نیتو کپور نے شرکت کی جہاں میزبان کرن جوہر نے مختلف سوال پوچھے اور پرانے قصوں کو یاد کیا۔
اداکار رشی کپور کے حوالے سے ان کی اہلیہ نیتو کپور نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک سخت بوائے فرینڈ تھے جنہوں نے مجھے پارٹیوں میں شرکت کرنے سے منع کیا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اداکار یش چوپڑا کے ساتھ ایک فلم کی گئی اور یش چوپڑا رات دیر تک پارٹیوں کا انعقاد کرتے تھے لیکن میں پارٹیوں میں مزے نہیں کر پاتی تھی کیونکہ رشی مجھے سختی سے منع کرتے تھے اور سختی کرتے تھے یہ نہیں کرنا، وہ نہیں کرنا یا گھر آجاؤ۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ بھی سخت تھیں، پھر رشی کپور بھی سخت تھے اور میں ان دونوں میں پھنس گئی تھی۔
واضح رہے کہ اداکارہ نیتو اور رشی کپور کی منگنی 13 اپریل 1979 کو ہوئی تھی جب کہ دونوں فلمی اداکار 1980 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، نیتو کپور نے شادی کے باد فلمی کیرئیر کو خیرآباد کہہ دیا تھا، ان کے 2 بچے رنبیر کپور اور ریدھیما کپور ہیں۔
اداکار رشی کپور خون کے سرطان میں مبتلا تھے اور وہ ممبئی میں 2020 میں انتقال کرگئے تھے۔