(ویب ڈیسک): نئی دہلی: بالی ووڈ کے سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ سیلفی لینے والے اپنے مداحوں پر برہم ہوگئے جس کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آج یعنی 24 فروری کی صبح نصیرالدین شاہ کو دہلی ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جہاں کچھ مداحوں نے اداکار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔
وائرل ویڈیو میں نصیرالدین شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ دہلی ایئرپورٹ سے باہر نکل رہے ہوتے ہیں کہ مداحوں کا ہجوم اداکار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے لیکن نصیرالدین شاہ کو شدید غصہ آجاتا ہے۔
نصیرالدین شاہ سیلفی لینے والے مداحوں پر غصے سے چلاتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ نے میرا موڈ خراب کر دیا ہے آپ کو ایک بار بتانے پر سمجھ نہیں آتی۔
بالی ووڈ فلمیں بالکل پسند نہیں، دیکھنا چھوڑ دی ہیں؛ نصیرالدین شاہ
اداکار کو غصے میں دیکھ کر دہلی ایئرپورٹ پر موجود بھارتی میڈیا کے نمائندے اُنہیں یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں ایسا نہیں ہوگا۔ تاہم، نصیر الدین شاہ کسی کو جواب دیے بغیر غصے میں وہاں سے چلے جاتے ہیں۔
وائرل ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے نصیرالدین شاہ کی حمایت کی اور کہا کہ کہیں بھی مشہور شخصیات کو صرف اس وجہ سے پریشان کرنا مناسب نہیں ہے کہ وہ عوامی شخصیت ہیں، اگر وہ سیلفیز سے مطمئن نہیں ہیں تو مداحوں کو اس بات کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔