غزہ (ویب ڈیسک): قابض اسرائیلی فوج نے حماس ارکان کی موجودگی کا الزام لگا کر ایک بار پھر غزہ کے الشفا اسپتال پر حملہ کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے حماس ارکان کی موجودگی کا الزام لگا کر ایک بار پھر غزہ کے الشفا اسپتال پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوج نے 20 مسلح فلسطینیوں کی موت کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فوج کی کئی گاڑیوں کونشانہ بنانے اور متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیلی فورسز نے غزہ کے الشفا اسپتال پر رات گئے چھاپہ مار کر اسپتال کو گھیرے میں لے لیا تھا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال پرگولہ باری کی، شدید فائرنگ کے نتیجے میں اسپتال کا عملہ شدید خوف وہراس میں مبتلا ہوگیا جبکہ بمباری سے متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے 11 لاکھ سے زیادہ افراد کو کھانے پینے کی عدم دستیابی کا سامنا ہے، وسط مارچ سے مئی تک غزہ میں قحط کا شدید خطرہ ہے۔
اس حوالے سے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں قحط کے خطرے سے متعلق رپورٹ خطرناک فرد جرم ہے،غزہ میں قحط کے بڑھتے خطرے کو روکا جا سکتا ہے،اسرائیل پورے غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی ممکن بنائے۔