ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن کا حال نہ پوچھنے پر اداکار وجے راز کو نئی آنے والی فلم ‘سن آف سردار 2′ کی کاسٹ سے نکال دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘سن آف سردار 2′ کے شریک پروڈیوسر کمار منگٹ پاٹھک نے اپنے تازہ ترین انٹرویو میں بتایا کہ وجے راز کو اُن کے نامناسب رویے اور ضرورت سے زائد مطالبات کی وجہ سے فلم کی کاسٹ سے نکالا گیا ہے۔
پروڈیوسر نے کہا کہ وجے راز نے اپنے اسپاٹ بوائے کے لیے زیادہ معاوضہ مانگا تھا، وجے کے مطابق اُن کا اسپاٹ بوائے ایک رات کے لیے 20 ہزار روپے معاوضہ وصول کرتا ہے، جو کہ کافی زیادہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ، وجے راز نے اپنے لیے وینیٹی وین اور بڑے کمرے کا بھی مطالبہ کیا تھا، ہم اُن کے یہ مطالبات پورے نہیں کرسکتے تھے لہٰذا ہم نے اُنہیں فلم کی کاسٹ سے آؤٹ کردیا۔
دوسری جانب وجے راز نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فلم ‘سن آف سردار 2′ کی کاسٹ سے اس لیے نکالا گیا کیونکہ میں نے سیٹ پر فلم کے مرکزی کردار اجے دیوگن سے اُن کا حال نہیں پوچھا تھا۔
وجے راز نے کہا کہ میں جب شوٹ کے سیٹ پر پہنچا تو اجے دیوگن اپنے کام میں مصروف تھے، اسی وجہ سے میں نے اُن سے حال نہیں پوچھا۔
اداکار نے مزید کہا کہ سیٹ پر پہنچنے کے 30 منٹ بعد ہی مجھے فلم کی کاسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے راز کی جگہ سنجے مشرا کو فلم ‘سن آف سردار 2′ کی کاسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔