لاس اینجلس (ٹیک ڈیسک): امریکی شہر لاس اینجلس کے ایک اسکول کے نیچے سے لاکھوں سال پرانے بحری فوسلز دریافت کیے گئے ہیں۔لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شہر کے جنوبی حصے میں واقع سان پیڈرو ہائی اسکول کے نیچے سے 87 لاکھ سال پرانے فوسلز ملے۔ان میں saber-toothed salmon اور میگا لوڈون شارک کے فوسلز بھی شامل ہیں۔شارک کی یہ نسل زمین پر لاکھوں سال قبل موجود تھی اور اسے اس مچھلی کی سب سے عظیم الجثہ نسل قرار دیا جاتا ہے۔یہ شارک اتنی بڑی ہوتی تھی کہ کِلر وہیل کو محض 5 نوالوں میں نگل سکتی تھی۔
یہ فوسلز جون اور جولائی 2024 کے درمیان دریافت ہوئے۔
کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق ان فوسلز کا کیمیائی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فوسلز مایوسین عہد کے ہیں اور وہاں موجود شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ اس خطے میں سمندری نباتات کافی زیادہ تھے جس سے وہاں متعدد بحری جانداروں کی نشوونما ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس موجود شواہد سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ 90 لاکھ سال قبل یہ پورا خطہ کیسا نظر آتا ہوگا اور یہ دریافت بہت خاص ہے۔
ان فوسلز کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں اور محققین کا ماننا ہے کہ یہ ہر ایک کے لیے حیران کن دریافت ہے کیونکہ ہمیں وہاں مچھلیوں کے فوسلز ملے ہیں۔