پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے بعد غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پرووٹ ڈالے گئے اور اسمبلی کے تمام 145 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیا۔پولنگ کا وقت ختم ہو گیا اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی امید وار روبینہ خالد کامیاب ہو گئیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امید وار اعظم سواتی اور جے یو آئی کے امید وار دلاور خان کامیاب قرار پائے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امید وار مراد سعید جنرل نشست پرجیت گئے، انہیں 26 ووٹ ملے۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے امید وار فیصل جاوید اور نورالحق قادری جنرل نشستوں پر کامیاب ہوگئے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق فیصل جاوید کو 22 اور نورالحق قادری کو 21 ووٹ ملے۔