کراچی (ویب ڈیسک): 27 دسمبر 2022 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن اور پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے موقع پر آکسفورڈ یونین نے بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے پاکستان کے سابق وزیر اعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آکسفورڈ یونین نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ “آج ہم پاکستان کی سابق وزیر اعظم اور 1977 میں آکسفورڈ یونین کی سابق صدر بے نظیر بھٹو کی یاد منا رہے ہیں۔ بے نظیر کو آج سے 15 سال پہلے قتل کر دیا گیا تھا۔ چیمبر میں یہ لٹکتی ہوئی تصویر باعث فخر ہے۔ ہر سال ہم ان کے اعزاز میں ایک یادگاری لیکچر کا اہتمام کرتے ہیں۔ اللہ بے نظیر بھٹو کو سکون دے۔”
Today we remember Benazir Bhutto, former Prime Minister of Pakistan and Ex-President of The Oxford Union, Hilary 1977. Benazir was assassinated 15 years ago today. This portrait hangs proudly in our Chamber and each year we host a Memorial Lecture in her honour. RIP Benazir. pic.twitter.com/CHUFB1REl1
— Oxford Union (@OxfordUnion) December 27, 2022
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے 1969 سے 1973 تک ہارورڈ یونیورسٹی کے ریڈکلف کالج میں تعلیم حاصل کی اور گریجویشن کے بعد ، انہوں نے انگلینڈ کی باوقار آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔
بے نظیر بھٹو نے 1973 سے 1977 تک آکسفورڈ کے لیڈی مارگریٹ ہال میں سیاسیات، معاشیات اور فلسفے کی تعلیم حاصل کی۔
مقتول وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے آکسفورڈ سے بین الاقوامی قانون اور ڈپلومیسی میں ڈگری حاصل کی۔ غور طلب بات یہ ہے کہ وہ آکسفورڈ اسٹوڈنٹ یونین کی پہلی ایشیائی خاتون صدر تھیں۔ انہوں نے شروع دن ہی سے اپنے آپ کو ایک جنگجو رہنما کے طور پر منوایا تھا۔
واضح رہے کہ 27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے فوراً بعد قتل کر دیا گیا۔