کراچی (نجات نیوز): کراچی میں نئے سال کا جشن منانے والوں کیلئے ساحل سمندر جانے والے راستے کھلے رہیں گے، پیدل اور گاڑیوں میں سی ویو جانے والوں کیلئے راستے محدود کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ نے میڈیا کو اس بارے میں بتایا کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کراچی کی ساؤتھ پولیس کو 9 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ساحل سمندر جانے والے تمام راستوں پر کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، سی ویو کی طرف جانے والے راستے کھلے ہوئے ہیں، یہ صوبائی حکومت کی پالیسی ہے اور پولیس بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ان کی سربراہی میں سینئر پولیس افسران انتظامات کی نگرانی کریں گے، ہر سیکٹر میں ایس پی لیول کا افسر سیکٹر کا انچارج ہوگا اور ان کی کمانڈ ایس ایس پی ساؤتھ علی رضا کے پاس ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام انتظامات، سڑکوں اور تفریحی مقامات کو کنٹرول روم اور آپریشن روم سے مانیٹر کیا جا رہا ہوگا، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی ویڈیو لینڈ ٹیم بھی پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن میں ہے، سی ویو کی طرف ٹریفک کو ون وے کیا جائے گا، شہری خیابان شاہین اور اولڈ کلفٹن کے راستوں سے سی ویو جا سکیں گے۔
عرفان علی بلوچ کے مطابق سی ویو کے دونوں سڑکوں کو صرف جانے کے لیے استعمال کیا جائے گا، صبا ایونیو کی طرف سے سی ویو کی طرف جانے والی چھوٹے راستے بند رکھے جائیں گے جبکہ شہری دو دریا کی طرف یا خیابان اتحاد کے راستے سی ویو سے باہر نکل سکیں گے۔
عرفان علی بلوچ کے مطابق چونکہ وہاں بہت زیادہ رش ہوگا اس لیے پبلک ٹرانسپورٹ اور بڑی گاڑیوں کو بھی محدود کیا گیا ہے، سی ویو کے سروس لین میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، انتظامات میں پوری کوشش کی جارہی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور یہ مرحلہ خوش اسلوبی سے گزر جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنٹرولڈ آتش بازی کی اجازت دی گئی ہے مگر اس دوران دھماکوں کی قطعی اجازت نہیں، سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے، اس سلسلے میں مساجد سے اعلانات کرائے گئے ہیں، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے اور مقدمات کے اندراج کا حکم ہے۔
سال نو شہریوں کیلئے سی ویو کھلا رہے گا
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ pic.twitter.com/KmKOwlwNsl
— South Zone Police (@SouthDig) December 31, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پالیسی کلیئر ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدام قتل اور قتل کے مقدمات کا بھی اندراج کیا جائے گا جو بھی مقدمات درج کیے جائیں گے وہ اسٹیٹ کی طرف سے درج کیے جائیں گے جس میں معافی کا عنصر نہیں ہو گا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کا عوام کے لیے پیغام
سال نو کے موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کا عوام کے لیے پیغام
سال نو کی آمد پر پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کریں
عوام الناس کے لئے احتیاطی تدابیر اور قانون پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے #digsecurity #SindhPolice #Message #awareness #karachi #SPFM #radio pic.twitter.com/jn1YJSyHln
— Sindh Police FM 88.6 (@SPFM_tweets) December 30, 2022
جبکہ کمشنر کراچی اقبال میمن کی جانب سے شہر بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 2 روز کے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں 31 دسمبر سے یکم جنوری تک ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سال نو کا جشن منائیں۔