لاہور (نجات نیوز ویب ڈیسک): پنجاب اسمبلی کے اسپیکر سبطین خان نے رات گئے ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی پر اعتماد کے رائے شماری کے بعد اعلان کیا ہے کہ انہوں نے 186 ووٹ حاصل کرلیے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی زیرصدارت رات 12 بجے کے بعد نیا سیشن شروع ہوا اور ایجنڈا جاری کیا گیا، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا تاہم اسپیکر نے 5 منٹ تک اعتماد کے ووٹ کے لیے گھنٹیاں بجائی۔
میڈیا کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے کے دوران پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پر اعتماد کے ووٹ کی قرار داد پیش کر دی گئی۔
اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ میاں اسلم اقبال اور راجا بشارت کی طرف سے قرارداد کا نوٹس ملا ہے، اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری کچھ دیر میں کرائی جائے گی۔
میڈیائی رپورٹ کے مطابق اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کے تمام دروازے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی اندر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔
دوسری جانب، حزب اختلاف نے اعتماد کے ووٹ میں جعلسازی کا شبہ ظاہر کر دیا جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان میں اسپیکر ڈائس کے سامنے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
اپوزیشن کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے عمل کا بائیکاٹ کیا گیا اور اراکین ایوان سے باہر چلے گئے۔