کراچی(ویب ڈیسک)”کوک اسٹوڈیو سیزن 14 “کے گانے “پسوڑی” سے شہرت حاصل کرنے والےنامور گلوکار علی سیٹھی دنیا کے سب سے بڑےامریکی میوزک فیسٹیول “کوچیلا” میں پرفارم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گلوکار علی سیٹھی نے اپنے انسٹاگرام کے ذریعےاپنے مداحوں کو میوزک فیسٹیول ” کوچیلا ” میں آنے کی دعوت دیتے ہوئےامریکی میوزک فیسٹیول کا شیڈول شیئر کیا اور کیپشن میں لکھا کہ “آجاؤ سارے کوچیلا ، 13 جنوری سے ٹکٹس پر سیل لگ رہی ہے”۔
واضح رہے کہ ” کوچیلا” امریکی میوزک فیسٹیول ہے جو کہ کیلیفورنیا کے صحرا کولوراڈو میں سالانہ بنیاد پر منعقد کیا جاتا ہے۔ اس میوزک فیسٹیول میں دنیا بھر سے بڑے اور نامور گلوکار پرفارم کرتے ہیں ۔رواں برس منعقد ہونے والے اس میوزک فیسٹیول میں پاکستان سے علی سیٹھی جبکہ بھارت سے دلجیت دوسنجھ سمیت کئی معروف گلوکار اس فیسٹیول کا حصہ بنیں گے۔علی سیٹھی 14 اپریل سے شروع ہونے والے اس فیسٹیول کے دوسرے روز اپنے سُروں کا جادو بکھیریں گے۔
یاد رہے کہ گلوکار علی سیٹھی کوچیلا فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے دوسرے پاکستانی گلوکار بن گئے ہیں۔ اس سے قبل گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ عروج آفتاب اس فیسٹیول میں پرفارم کرکے اپنی آواز کا جادو بکھیر چکی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سال کیلیفورنیا کے سالانہ کوچیلا میوزک فیسٹیول میں دنیا بھر سے 160 سے زائد گلوکار پرفارم کریں گے ۔