کراچی (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے جو 30 اپریل کو مکمل ہوں گے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے سب کو مل بیٹھنا ہوگا، معاشی بہتری کے لیے برآمدات تیزی سے بڑھانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات نئی مردم شماری کے تحت اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، ہمیں خوشی ہے عمران خان نے اپنے ہاتھوں سے حکومت ختم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کرتب سے قبل ازوقت الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا ہے، سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 16 ارب ڈالر لگایا گیا ہے تاہم دوست ممالک پاکستان سے تعاون کا اعلان کر رہے ہیں۔