ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان بھارتی اداکارہ آنجہانی سری دیوی کے ساتھ فلموں میں کام کرنے سے گھبراتے تھے اور اس کی وجہ سامنے آئی ہے۔سلمان خان سری دیوی کی اداکارانہ صلاحیتوں کے بے انتہا معترف رہے ہیں اور انہوں نے اداکارہ کو ہندی سینما کی پہلی خاتون سپراسٹار کا خطاب بھی دیا تھا۔
سری دیوی کی اتنی زیادہ تعریفوں کے باوجود ایک زمانے میں اداکار سلمان خان سری دیوی کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے پر بہت پریشان ہوتے تھے۔
اداکارہ سری دیوی اور سلمان خان نے فلم ’چندرا مکھی‘ اور ’چاند کا ٹکڑا‘ میں مل کر کام کیا ہے اور دونوں فلمیں کمرشل طور پر کامیاب ہوئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنے پر خوف زدہ تھے اور انہیں ڈر تھا کہ اداکارہ کی وجہ سے ان کا کردار گھٹ جائے گا اسی لئے انہوں نے بعد کی فلموں میں سری دیوی کے ساتھ کام نہیں کیا۔
سلمان خان اپنی اگلی فلم ’ٹائیگر 3 ‘ میں کترینہ کیف اور عمران ہاشمی کے ساتھ نظر آئیں گے جبکہ ’کسی کا بھائی اور کسی کی جان‘ بھی عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔