روم (شوبز ڈیسک): اٹلی کے دارالحکومت روم میں 2 ہزار سال پرانا شاہی تھیٹر حادثاتی طور پر ایک زیرتعمیر ہوٹل کے باغ کے نیچے دریافت کیا گیا ہے۔آثار قدیمہ کے ماہرین 2020 سے Palazzo della Rovere نامی باغ میں کھدائی کر رہے تھے جس کا مقصد ایک تاریخی عمارت کی تزئین نو کرکے اسے مستقبل قریب میں بننے والے ہوٹل کا حصہ بنانا تھا۔اس کھدائی کے دوران رومی شہنشاہ نیرو کے عہد کا تھیٹر دریافت ہوا جس کا حوالہ قدیمی رومی دستاویزات میں موجود تھا مگر اسے پہلے کبھی دریافت نہیں کیا جا سکا تھا۔
حکام نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تھیٹر کی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسے ایک ایسے باغ کے نیچے دریافت کیا گیا جو ابھی تک تعمیر کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔
یہ ہوٹل 2025 تک ویٹیکن سٹی کی 2025 جوبلی کے موقع پر کھلنے کی توقع ہے۔
اس سال روم میں 3 کروڑ افراد کی آمد کا امکان ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ دریافت پرجوش کر دینے والی ہے کیونکہ اس سے رومی تاریخ کے اس عہد کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا جس کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں۔
اس جگہ سے 10 ویں صدی کے نوادرات بھی دریافت ہوئے ہیں اور ماہرین نے اسے غیرمعمولی قرار دیا ہے کیونکہ روم کے اس عہد کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں۔
ماہرین کی ٹیم کی سربراہی کرنے والی Marzia Di Mento نے بتایا کہ اس عہد کے اب تک صرف 7 glass goblets دریافت ہوئے تھے اور اس جگہ کی کھدائی کے دوران مزید 7 نوادرات ملے ہیں۔
ماہرین نے کھدائی کے دوران سنگ مر مر کے ستون اور سونے کے پتوں سے سجے پلاستر کو دریافت کیا تھا اور اس سے انہیں شہنشاہ نیرو کے تھیٹر تک پہنچنے میں مدد ملی۔
اس تھیٹر کا حوالہ قدیم رومی فلسفی Pliny the Elder کی دستاویز میں موجود ہے۔
حکام کے مطابق کچھ نوادرات کو میوزیم منتقل کیا جائے گا جبکہ تھیٹر کے کھنڈرات کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک ماہرین کی تحقیق مکمل نہیں ہو جاتی۔