غزہ (ویب ڈیسک): غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 4 روزہ جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عارضی جنگ بندی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔عرب میڈیا کے مطابق رفح کراسنگ سے ایندھن کے 2 اور گیس کا ایک ٹینکر غزہ میں داخل ہوگیا جبکہ غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقوں سے اسرائیلی فوجی طیاروں کی پروازیں بند ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس اور اسرائیل کی جانب سے یرغمالیوں کو گروپ کی صورت میں رہا کیا جائے گا اور غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان کے 200 ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا میں غزہ جنگ بندی مانیٹر کرنے کیلئے آپریشنز روم قائم کیا گیا ہے، قطر عارضی جنگ بندی پر عملدرآمد کیلئے اسرائیلی فوج اور حماس سے براہ راست رابطے میں ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق حماس کی جانب سے 50 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل 150 خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 14 ہزار 850 سے زائد فلسیطنی شہید اور 7ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں جبکہ 36 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کہتے ہیں غزہ میں اب تک 335 اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کیں اور صرف 72 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی مزید 33 گاڑیاں تباہ کیں۔