ٹوکیو – جاپان (ویب ڈیسک): جاپان کے سفاری پارک میں ایک شیر نے حملہ کرکے زو کیپر کو ہلاک کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ جاپان کے توہوکو سفاری پارک کے ایک زوکیپرکے ساتھ پیش آیا جہاں زوکیپر نے شیر کو پنجرے میں ڈالنے کی کوشش کی جس دوران وہ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 53 سالہ کینیچی کاٹو کو شیر نے پنجرے میں ڈالنے کے دوران گردن سے پکڑلیا جس سے وہ لہولہان ہوگیا اور مردہ حالت میں پنجرے میں پڑا رہا۔
پولیس کے مطابق پارک حکام نے بتایا کہ زو کیپر کھانے کے ذریعے شیر کو پنجرے میں لے جانے کی کوشش کر رہا تھا لیکن اس نے وہ دروازہ بند نہیں کیا جس سے وہ شیر سے محفوظ رہتا۔
حکام نے بتایا کہ شیر کو کھانا ڈالنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ دروازہ کھول کر کھانا رکھا جائے جب کھانا رکھ دیا جائے تو دروازہ بند کردیا جائے لیکن بدقسمتی سے دروازہ کھلا رہ گیا اور زو کیپر شیر کے حملے کا شکار ہوگیا۔