ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ اسٹار اکشے کمار کی ایک کے بعد ایک فلم فلاپ ہونے پر پرڈیوسرز کو ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہوگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی آخری ہٹ فلم 2021 میں ریلیز ہونے والی ’سوریاونشی‘ تھی جس کے بعد سے اب تک ان کی مسلسل 10 فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوچکی ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سرپھرا‘ بھی بری طرح فلاپ ہوگئی اور 80کروڑ کے بجٹ میں بننے والی فلم باکس آفس پر صرف 21 کروڑ ہی کما سکی۔
ان کی مسلسل فلاپ فلموں میں ’بچن پانڈے‘، ’سمراٹ پرتھوی راج‘، ’رکشا بندھن‘، ’کٹھ پتلی‘، ’رام سیتو‘، ’سیلفی‘، ’او مائی گاڈ 2‘، ’مشن رانی گنج‘ اور ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اکشے کمار کی پے در پے فلاپ فلموں کے باعث 1000 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوا ہے، فلم بڑے میاں چھوٹے میاں میں 250 کروڑ بھارتی روپے اور سمراٹ پرتھوی راج کے پروڈیوسرز کو 150 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
تاہم اب ایک کے بعد ایک فلاپ فلموں پر اکشے کمار بھی چپ نہ رہ سکے اور حالیہ انٹرویو میں اس پر کھل کر بات کی ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں اکشے کمار کا کہنا تھاکہ ہر فلم کے پیچھے جنون اور محنت ہوتی ہے، کسی بھی فلم کو ناکام ہوتے دیکھنا دل توڑنے والا ہوتا ہے، یہ چیزیں ہمیں دکھ دیتی ہیں اور اثر انداز بھی ہوتی ہیں لیکن اس سے فلم کی قسمت نہیں بدلتی۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کے بس میں یہ ہے کہ آپ مزید محنت کریں اور اگلی فلم میں خود کو جھونک دیں۔
خیال رہے کہ اکشے کمار کی 90 کی دہائی میں بھی مسلسل 16 فلمیں فلاپ ہوئی تھیں جس کے بعد انہوں نے بھارت ہی چھوڑ دیا تھا اور کینیڈا کی شہریت لی تھی۔