کیلگری: (ویب ڈیسک): البرٹا – حکومت کینیڈا کی جانب سے سماجی بہبود کی مختلف سرگرمیوں میں غیر معمولی خدمات کے سلسلے میں کیلگری کے میکڈوگل سینٹر میں کوئین الزبتھ ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں صوبہ البرٹا میں عوام الناس کے لیے خدمات پیش کرنے کے لیے خاص طور پر کووڈ کے دوراں سندھ کے مشہور مصنف، سفیر برائے انڈس ویلی کلچر البرٹا کینیڈا، چیئرمین لو فار ہیومنٹی فائونڈیشن کینیڈا، چیئرمین انڈس کینیڈین نیٹ ورک کینیڈا اور معروف سماجی مصلح مشہود قاضی کو ملکہ الزبتھ پلاٹینم جوبلی میڈل سے نوازا گیا۔ جسے البرٹا کے لیفٹیننٹ گورنر سلمیٰ لاکھانی کی جانب سے البرٹا کے صوبائی وزیر مکی ایمری نے پیش کیا۔
تقریب میں کیلگری کے سماجی رہنماؤں، ججز، اراکین صوبائی اسمبلی سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ مشہود قاضی کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ’البرٹا آرڈر آف ایکسی لینس‘ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے جو وہاں کا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہے۔ جبکہ البرٹا کی قانون ساز اسمبلی نے بھی “کوٹ آف آرمز” بیج سے نوازا ہے۔ انہیں حکومت البرٹا کی جانب سے “سندھی ثقافت کے سفیر” کے ایوارڈسے بھی نوازا گیا ہے۔
اس کے علاوہ انہیں “کینیڈین ٹائمز” البرٹا کی طرف سے “O’ Canada Horizon Award” دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سال 2019 میں مشہود قاضی کو سندھ صوبائی اسمبلی آنے کی دعوت دی گئی تھی، جہاں سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے ایوان کے فلور پر ان کا استقبال کیا اور سندھ کی ثقافت کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر پوری سندھ اسمبلی نے مشہود قاضی کو روایتی گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے بھی مشہود قاضی کو صوبائی حکومت کی جانب سے سندھی ثقافت کے اعزازی سفیر کی شیلڈ سے نوازا۔