کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے پنیر میں ریلوے لائن پر دھماکے سے ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہیں ۔ دھماکے کی زد میں آکر جعفر ایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اترگئیں۔ڈپٹی کمشنر بولان کچھی آغا سمیع اللہ کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی گئی ، انجن سمیت آٹھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا سبی اور مچھ کے درمیان پنیر اسٹیشن کے قریب ہوا، اور دھماکا اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس پنیر اسٹیشن پہنچ رہی تھی، تاہم خود قسمتی سے ٹرین چند لمحوں بعد ٹریک تک پہنچی، دھماکے سے پٹریاں ٹوٹ گئیں اور جعفر ایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، جس کے باعث 8 مسافرزخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، پولیس اور لیویز کی بھاری نفری پنیر اسٹیشن پہنچ گئیں، اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ دیگر مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے اتار کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور ٹرینوں کی آمدورفت کو روک دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر بولان کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 افراد زخمی ہیں ، پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہیں۔