ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کے سینئر اور با صلاحیت اداکار انوپم کھیر نے دنیا بھر میں گنج پن کا شکار افراد کے لیے خصوصی ویڈیو بنائی ہے اور ساتھ ہی بال والے حضرات کو چیلنج بھی کیا ہے۔انوپم کھیر وہ اداکار ہیں جنہیں کئی دہائیوں سے فلموں میں سر پر بغیر بالوں کے اداکاری کرتے دیکھا گیا، مداحوں کا خیال ہے کہ اب انوپم کھیر پر یہ ہی اسٹائل جچتا ہے اور اگر اب انہیں بالوں کے ساتھ دیکھا جائے گا تو وہ عجیب لگیں گے۔گو کہ ماضی میں بھی کچھ فلمیں ایسی تھیں جس میں انہوں نے وِگ لگا کر اداکاری کی۔
اب انوپم کھیر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے اپنے سر پر ٹیٹو بنوایا ہے اور ٹیٹو بھی کوئی مختصر نہیں بلکہ پورے سر پر ڈیزائن بنوایا ہے جسے دیکھ کر مداحوں کی حیرت کی انتہا نہ رہی کیونکہ ٹیٹو بنوانا یقیناً ایک تکلیف دہ عمل ہے۔
اداکار نے اس ویڈیو پر دلچسپ کیپشن بھی لکھا، انہوں نے کہا ‘یہ پوسٹ دنیا بھر کے گنجے افراد کے لیے ہے’۔
انہوں نے مزید لکھا ‘بال والے افراد کو خوب فخر ہوتا ہے کہ وہ بالوں کے ساتھ کچھ بھی کرسکتے ہیں لیکن کیا وہ یہ کرسکتے ہیں؟ بالکل بھی نہیں’۔
ساتھ ہی اداکار نے کچھ ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا ‘bald is beautiful’ ، ‘Hair Today Gone Tomorrow’
مداح انوپم کھیر کی پوسٹ پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اداکار کچھ بھی کرسکتے ہیں۔